ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مسلمان کانگریس کو ووٹ دیں، بی جے پی سے زیادہ خطرناک ہے سماجوادی پارٹی: توقیر رضا

مسلمان کانگریس کو ووٹ دیں، بی جے پی سے زیادہ خطرناک ہے سماجوادی پارٹی: توقیر رضا

Tue, 18 Jan 2022 13:35:22    S.O. News Service

لکھنؤ،18؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) اتحاد ملت کونسل کے سربراہ مولانا توقیر رضا کے مطابق سماج وادی پارٹی (ایس پی) مسلمانوں کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے زیادہ نقصان دہ ہے ان کے بموجب کانگریس ہی صحیح معنوں میں سیکولرزم کا کردار ادا کر رہی ہے۔

کانگریس کے ریاستی دفتر پر منعقد پریس کانفرنس میں کانگریس کی رکنیت اختیار کرنے کے بعد مولانا نے کہا کہ اکھلیش یادو کو صوبے کی باگ ڈور سونپنا مناسب نہیں ہوگا۔ ریاست کو ’یادو واد‘ اور ’جاٹو واد‘ کے بجائے ’مانوواد‘ کی زیادہ ضرورت ہے۔

توقیر رضا نے کہا کہ ’اکھلیش یادو جس غرور میں مبتلا ہیں اور مسلم لیڈر شپ کو کنارے لگا کر بی جے پی سے ہاتھ ملا کر ایس پی کا جھنڈا بلند کرنے چلے ہیں۔ ان کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ اس سے پہلے بھی انہی کے اقتدار میں مسلم سماج خود کو سب سے زیادہ ٹھگا ہوا محسوس کر چکے ہیں اور یہ ہمارے ہی دم پر اقتدار میں رہے ہیں، لیکن اب عوام ان کو پہچان چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’کچھ لوگوں کی غلط فہمی سے ہم لوگ کانگریس سے دور ہوئے تھے ہم نے راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا کو سچا سیکولرسٹ پایا ہے۔ کانگریس کے ہاتھوں کو مضبوط کرنے کا کام کرنا ہے۔ ملک و ریاست کی بھلائی کے لئے کانگریس کا اقتدار میں واپس آنا ضروری ہے۔ بی جے پی حکومت کی منحوسیت سے بچانے کے لئے کانگریس کو واپس اقتدار میں لانا ہوگا۔

پریس کانفرنس میں موجود ریاستی صدر اجئے کمار للو نے کہا کہ یوگی اور اکھلیش نورا کشتی کھیل رہے ہیں۔ غریب، نوجوان، خاتون اور کسان کی بات نہیں ہو رہی ہے۔ یوں کہا جائے کہ ریاست میں ایوینٹ منجمنٹ کی پالیٹکس ہو رہی ہے جو عوام کے مسائل اور اس کے سیدھے سوالوں سے بچتے ہیں۔ گزشتہ ایک دہائی میں یہاں ایس پی اور بی جے پی نے اقتدار کیا ہے۔ اس لئے دونوں کو اپنا رپورٹ کارڈ پیش کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں نظم ونسق، خاتون سیکورٹی اور بدعنوانی و بے روزگار سمیت تمام اہم مسائل پر سیاست ہوگی ذات اور مذہب کی نہیں۔


Share: